ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کانگریسی لیڈر منی شنکر ایرپر مودی کے الزامات اس طرح کے تبصرے وزیراعظم کو زیب نہیں دیتے :ویرپا موئیلی

کانگریسی لیڈر منی شنکر ایرپر مودی کے الزامات اس طرح کے تبصرے وزیراعظم کو زیب نہیں دیتے :ویرپا موئیلی

Thu, 14 Dec 2017 12:28:03    S.O. News Service

بنگلورو13؍دسمبر(ایس او نیوز) کانگریس کے رکن پارلیمان اور سابق مرکزی وزیر ویرپا موئیلی نے کانگریس لیڈر منی شنکر ایئرکے ذریعہ قتل کی سپاری دینے سے متعلق وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ الزامات درست ہیں تو وزیر اعظم نے اس کی جانچ کیوں نہیں کروائی۔ موئیلی نے پیر کو یہاں پردیش کانگریس ہیڈ کوارٹر میں کہا کہ گجرات کے انتخابات میں وہاں کے لوگوں کو جذباتی طور پر اپنی طرف متوجہ کرنے کے واسطے ایک ذمہ دارانہ عہدے پر بیٹھے شخص کی طرف سے ایسے بے بنیاد الزامات لگانا کس حد تک صحیح ہے؟ اگر انہوں نے کانگریس کے رہنماؤں کے سپاری دینے کے بارے میں معلومات حاصل کی تھی تو انہیں تحقیقات کرانا چاہئے تھا۔ لیکن ایسا کرنے کی بجائے، اس طرح کے پروپیگنڈے کرنا اور الزام تراشی کرنا ملک کی اعلیٰ ترین عہدہ پر فائز شخص کو زیب نہیں دیتا۔ اس طرح کے پروپیگنڈے کو ہوا دینا انتہائی درجہ کی بداخلاقی ہے ۔ موئیلی نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی مقبولیت کا گراف تیزی سے کم ہوتاجارہاہے۔ اب وہ ہماری ریاست میں بی ایس ایڈی یورپا کی مدد کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ مودی گجرات کو کھونے سے ڈرتے ہیں اور گجرات کے معاملہ میں کافی حد تک وہ مایوس ہوچکے ہیں۔ اسی مایوسی کی وجہ سے، وہ راہل گاندھی اور نہرو کے خاندان پرنازیبا تبصرے کررہے ہیں۔ وزیر اعظم کے عہدہ پر بیٹھے شخص اس طرح کی نچلی سطح تک گر کرتبصرے کریں گے یہ کبھی نہیں سوچا تھااور اس طرح کے نازیبا تبصرے کبھی کسی وزیراعظم نے نہیں کئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ برہم پتر منصوبے، کشمیر سرنگ راستے، نرمدااینیکٹ تعمیر کے منصوبے کانگریس حکومت کی دین ہیں۔ لیکن مودی نے ان تمام منصوبوں کی تکمیل کے بعد اس کا افتتاح کیا اور کریڈٹ اپنے نام کرلیا جس کے ذریعہ بڑی شہرت حاصل کی اور ووٹروں کو لبھانے کے لئے بھی استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے رہنماؤں کو صرف نچلی سطح پر اترکر نازیباحرکتیں اور غلط تبصرے کرنا آتاہے اس کے علاوہ کام کی باتوں تک ان کی رسائی نہیں ہوسکتی۔ اس طرح کی حرکات اور تبصروں سے ووٹ نہیں ملنے والا ہے۔ راہل گاندھی نے گجرات میں سمندر منتن کیا ہے جس کی وجہ سے مودی اندر تک ہل گئے ہیں۔ان کے اندر کا خوف ہی ہے کہ وہ اس طرح کے بیانات دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں اے وی ایم کا غلط استعمال ہونے کا اندیشہ ہے لہٰذا اس بارے میں کانگریس کے رہنماؤں کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔


Share: